تازہ ترین

پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے افغان مہاجرین کو پاکستانی خاندانوں کا حصہ بنا کر جعلی شناختی کارڈز بنانے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔یہ کارروائی ڈی پی او بنوں  کو ملنے والی مصدقہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جس میں ایس پی سٹی اور ایس ایچ او تھانہ سٹی نے پولیس ٹیم کے ساتھ مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت اجمل ولد عبد الرزاق اور بادشاہ خان ولد لاہور خان کے نام سے ہوئی، جو افغان شہری نقیب شاہ ولد زرکلام شاہ کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے۔گرفتار افغان شہری صوبہ خوست کا رہائشی ہے، جس نے چمن بارڈر سے دراندازی کے بعد بنوں تک چھپتے چھپاتے سفر کیا۔گرفتار افغان شہری نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے والد نے گروہ کے مفرور ارکان مامور سکنہ کوئٹہ اور زین اللہ سکنہ میرانشاہ سے 28 لاکھ روپے میں پاکستانی شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کا سودا کیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے افغان باشندوں کو پاکستانی خاندانوں میں شامل کروانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ہر افغان باشندے کی شمولیت پر متعلقہ خاندان کو 2 لاکھ روپے فی کس معاوضہ ادا کیا جاتا تھا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گروہ کے دیگر مفرور ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔