تازہ ترین

پاکستان میں 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کے انعقاد کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا، میگا ایونٹ اب 18 سے 27 ستمبر 2027ء تک منعقد ہوگا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے جنوبی ایشیا کے تمام شریک ممالک کی قومی اولمپک کمیٹیوں سے مشاورت اور باضابطہ منظوری کے بعد کھیلوں کی نئی تاریخوں کی تصدیق کر دی ہے۔ تاریخوں میں تبدیلی چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کے شیڈول میں ردوبدل کے باعث کی گئی ہے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنوبی ایشیا کی تمام شریک قومی اولمپک کمیٹیوں نے باہمی مشاورت کے بعد نئی تاریخوں پر اتفاق کیا ہے۔تاریخوں کی تبدیلی کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کی صحت، فلاح و بہبود اور دونوں بڑے کھیلوں کے مقابلوں میں ان کی شرکت کے مواقع کو یقینی بنانا ہے۔ جنوبی ایشیا کے تمام ممالک کی جانب سے نئی تاریخوں پر اتفاق علاقائی اولمپک تحریک میں اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون کا مظہر ہے۔

شریک ممالک نے پاکستان میں کھیلوں کے کامیاب انعقاد کے لیے منتظمین اور پاکستان کی اولمپک و کھیلوں کی برادری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے تمام شریک ممالک کی قومی اولمپک کمیٹیوں کے تعاون اور فیصلے کو سمجھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ایسوسی ایشن ستمبر 2027ء میں پاکستان آنے والے کھلاڑیوں، کھیلوں کے عہدیداروں اور مختلف ممالک کے وفود کے استقبال کے لیے پُرعزم ہے۔واضح رہے کہ 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک اہم کھیلوں کا موقع ہے، جس میں جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک کے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ نئی تاریخوں کے اعلان کے بعد اب کھیلوں کی تیاریوں اور انتظامی امور کو مقررہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔