وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات کامیاب، پیٹرولیم لیوی میں مزید کمی پر اتفاق
وزیراعظم شہباز شریف سے امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں وفد کی ملاقات ، جس میں پیٹرولیم لیوی میں کمی، شرح سود گھٹانے اور سرکاری عہدیداروں کے لیے 1600 سی سی سے بڑی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی سمیت اہم نکات پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ ملاقات کے دوران حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں کمی کے حوالے سے تفصیلی مذاکرات ہوئے، جبکہ جماعت اسلامی کے وفد نے ملک میں مہنگی گندم اور آٹے کا سنگین مسئلہ بھی براہِ راست وزیراعظم کے سامنے رکھا۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا ہے اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔پیٹرولیم لیوی ایک نہایت اہم مسئلہ ہے، لیوی 80 روپے سے کم ہو کر 63 روپے تک آ گئی ہے، لیکن ہم نے حکومت پر واضح کیا کہ محض اس کمی سے بات نہیں بنے گی۔حافظ نعیم الرحمان نے انکشاف کیا کہ پیٹرولیم لیوی سے متعلق حکومت کے ساتھ بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے اور وزیراعظم سے طے پایا ہے کہ آئندہ بجٹ تک لیوی میں مزید کمی کے حوالے سے ورکنگ مکمل کر لی جائے گی۔حکومت شرح سود میں بھی کمی کرے گی اور ہم نے آج ایک معاہدے پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت حکومت سے جو بات طے ہوئی ہے اس پر عمل درآمد ہوگا۔
سرکاری اخراجات میں کمی کے حوالے سے امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ حکومت کے لوگ 1600 سی سی سے زیادہ کی گاڑی استعمال نہیں کریں گے۔حکمران طبقہ اپنی مفت بجلی اور مفت پیٹرول کی سہولیات پر بھی کنٹرول کرے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارے احتجاج اور مسلسل مذاکرات کے نتیجے میں عوامی ریلیف کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔ حکومت نے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے جس میں اب تک 2 کروڑ افراد شامل ہو چکے ہیں اور عوام کو ریلیف ملنا شروع ہوا ہے، تاہم ہمارا مطالبہ تھا کہ اس ریلیف کے دائرہ کار میں مزید اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اپنے بنیادی مؤقف اور عوامی مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹ رہی، ہماری جدوجہد کا اصول یہ ہے کہ عوام کے لیے ایک ریلیف حاصل کریں گے اور پھر اگلے ریلیف کے حصول کے لیے دوبارہ میدان میں آ جائیں گے۔آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی کا اعلان کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 29 نومبر کو لاہور کے مینارِ پاکستان پر ایک تاریخی جلسہ منعقد کیا جائے گا جس کے ذریعے ہم پنجاب کی سیاست کو بدل دیں گے۔مینارِ پاکستان کے اس جلسے میں جماعت اسلامی کے آئندہ کے لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، جبکہ انہوں نے ملک کی باقی سیاسی جماعتوں کو بھی عوامی حقوق کی اس جدوجہد میں ساتھ دینے کی دعوت دی۔