کراچی : اغواء برائے تاوان کیس، سابق ایس ایچ او شعیب شوٹر کی ضمانت منسوخ، کمرہ عدالت سے گرفتار
کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق ایس ایچ او شعیب شوٹر کے خلاف اغواء برائے تاوان کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے گواہان کو دھمکیاں دینے پر ملزم شعیب شوٹر کی ضمانت منسوخ کر دی۔ ضمانت منسوخ ہونے کے بعد ملزم کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔ مدعیہ کی جانب سے ملزم کے خلاف گواہان کو قتل اور سنگین نوعیت کی دھمکیاں دینے کی درخواست دی گئی تھی۔ عدالت نے کہا شعیب شوٹر کے خلاف دھمکیاں دینے کا الزام ثابت ہوا ہے، ملزم نے ضمانت کا غلط استعمال کرکے گواہاں کو ہراساں کیا۔ عدالت کے مطابق پولیس گواہان کو تحفظ دینے میں ناکام ہوئی اس سے عوام کا عدالتوں پر اعتماد کم ہوگا۔ ملزم کے خلاف مبینہ ٹاؤن تھانے میں مدعیہ کے بیٹے کے اغواء کا مقدمہ درج ہے۔