تازہ ترین

 

آج میرے اور اس تیسری دنیا کے پسندیدہ شاعر فیض احمد فیضؔ کی 42ویں برسی ہے۔فیضؔ سے میری ادبی وابستگی کا ایک دلچسپ حوالہ یہ بھی ہے کہ میں نے ان کا مجموعۂ کلام ’’نسخہ ہائے وفا‘‘ امانت علی اینڈ سنز، ریلوے روڈ رحیم یار خان سے اپنے جمع کردہ جیب خرچ سے خرید کر پڑھا اور بعد ازاں کئی شخصیات کو یہ کتاب بطور ادبی تحفہ بھی پیش کی۔
آج آپ کو رحیم یار خان کے ایک منفرد تاریخی ادبی حوالے سے بھی آگاہ کرتا چلوں۔

معروف قانون دان عظیم اشرف صاحب، جو اپنے نام کی طرح واقعی عظیم شخصیت کے مالک تھے، نے اپنے چند ترقی پسند دوستوں پروفیسر سرور صدیقی، نسیم بلوچ، جی اے طارق اور دیگر کے ساتھ مل کر ’’بزمِ فیض‘‘ قائم کی تھی۔ یہ ایک ایسا علمی، ادبی اور فکری فورم تھا جہاں کوئی صاحبِ علم و رائے کسی مخصوص موضوع پر اپنا مقالہ پیش کرتا، پھر بزم کے شرکاء اس موضوع پر اپنی آرا، سوالات اور تنقیدی خیالات کا اظہار کرتے اور آخر میں مقالہ نگار گفتگو کو سمیٹتا تھا۔ یہ بزم ان کی سٹیلائیٹ ٹاؤن والی رہائش گاہ پر منعقد ہوتی تھی۔یہ اس زمانے میں رحیم یار خان کا ایک منفرد ترقی پسند فکری فورم تھا، جس میں ہم باقاعدگی سے شریک ہوتے اور اپنی علمی و ادبی پیاس بجھاتے تھے۔عظیم اشرف صاحب کی وفات کے بعد بزمِ فیض کی ذمہ داری چوہدری رمضان جتالہ ایڈووکیٹ نے سنبھال لی اور ایک عرصہ تک اس کے اجلاس ہوتے رہے۔یہ 2000ء کی بات ہے۔ میں خواجہ فرید گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں ایم اے اردو کا طالب علم تھا۔ ایک مرتبہ بزمِ فیض کے اجلاس میں میں نے یہ اعتراض اٹھایا کہ آپ لوگ کبھی فیض احمد فیض کی شخصیت اور شاعری پر کوئی مقالہ یا مضمون کیوں نہیں پڑھتے؟شرکاء نے کہا کہ آپ خود اس موضوع پر بات کریں۔
چنانچہ میں نے بزمِ فیض میں اپنا پہلا مقالہ ’’محبت اور انقلاب فیض کی شاعری کا موضوع ہیں‘‘ کے عنوان سے پیش کیا۔ یہ میرے لیے ایک یادگار علمی و ادبی تجربہ تھا جس کا اختتام میں نے فیض احمد فیض کے اس شعر سے کیا تھا

مقام فیضؔ کوئی راہ میں جچا ہی نہیں

جو کوئے یار سے نکلے تو سوئے دار چلے



صد افسوس کہ وقت کے ساتھ بدلتی ہوئی ترجیحات نے ہماری جہاں بہت سی ادبی اور فکری سرگرمیاں ہم سے چھینیں، وہاں بزمِ فیض بھی ختم ہوگئی۔ایک وقت تھا جب حکومتی سرپرستی میں ادبی رسالہ ’’ماہِ نو‘‘ شائع ہوتا تھا۔ میرے پاس آج بھی اس کا فیض نمبر محفوظ ہے۔ ’’ادبِ لطیف‘‘، ’’افکار‘‘، ’’ماہِ نو‘‘ اور دیگر ادبی رسائل ہماری علمی و ادبی زندگی کا اہم حصہ تھے۔ ہم ان رسائل کی آمد کا انتظار کرتے، انہیں پڑھتے اور ان سے اپنی ادبی پیاس بجھاتے تھے۔ افسوس کہ رفتہ رفتہ یہ ادبی روایت بھی کمزور پڑتی چلی گئی۔



فیضؔ کی شاعری اور آج کا پاکستان


فیض احمد فیض کی زندگی، ان کی ادبی سرگرمیوں، سیاسی جدوجہد اور طویل اسیری پر لکھنے بیٹھوں تو ایک پوری کتاب لکھی جا سکتی ہے۔ان کی زندگی اور سیاسی جدوجہد کا مطالعہ کرتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ جن سوالات اور مسائل کو انہوں نے اپنی شاعری میں موضوع بنایا تھا، ان میں سے بہت سے آج بھی ہمارے معاشرے میں ویسے کے ویسے موجود ہیں۔

1947ء میں لکھی گئی ان کی شہرۂ آفاق نظم ’’صبحِ آزادی‘‘ کے یہ اشعار دیکھیے:


یہ داغ داغ اجالا یہ شب گزیدہ سحر
وہ انتظار تھا جس کا یہ وہ سحر تو نہیں

یہ وہ سحر تو نہیں جس کی آرزو لے کر
چلے تھے یار کہ مل جائے گی کہیں نہ کہیں


آزادی کے 79 سال بعد بھی جب ہم اس نظم کو پڑھتے ہیں تو اس کے سوالات ہمارے سامنے کھڑے نظر آتے ہیں۔ نظم کا اختتام بھی کس قدر فکر انگیز ہے:


ابھی چراغ سرِ رہ کو کچھ خبر ہی نہیں
ابھی گرانیِ شب میں کمی نہیں آئی

نجاتِ دیدہ و دل کی گھڑی نہیں آئی
چلے چلو کہ وہ منزل ابھی نہیں آئی


فیضؔ کی شاعری محض محبت اور حسن کی شاعری نہیں بلکہ یہ انسانی آزادی، سماجی انصاف، طبقاتی شعور، جبر کے خلاف مزاحمت اور ایک بہتر معاشرے کی آرزو کا اظہار بھی ہے۔


پاکستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں فیضؔ کے یہ اشعار بھی آپ کی نذر:


یہی جنوں کا، یہی طوق و دار کا موسم
یہی ہے جبر، یہی اختیار کا موسم

قفس ہے بس میں تمہارے، تمہارے بس میں نہیں
چمن میں آتشِ گل کے نکھار کا موسم


فیض احمد فیضؔ ہمارے عہد کے ان شاعروں میں شامل ہیں جن کی فکر اور شاعری وقت گزرنے کے ساتھ نئے سوالات کو جنم دیتی ہے۔فیضؔ صرف ایک شاعر نہیں، ایک عہد، ایک فکر اور انسانی آزادی و انقلاب کے خواب کا نام ہیں۔

Leave A Comment

Advertisement