اسکاٹ لینڈ کے شہر ڈنڈی سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ ہیکر، جو بین الاقوامی سائبر جرائم پیشہ گروپ Scattered Spider کا رکن بن گیا تھا اور بعد ازاں بیرونِ ملک فرار ہو گیا تھا، کو بالآخر گرفتار کیے جانے کے بعد ایک امریکی عدالت نے تقریباً 88 لاکھ پاؤنڈ مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کرنے کے جرم میں چھ سال قید کی سزا سنا دی۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق 24 سالہ ٹیلر بوکینن نے محض 19 برس کی عمر میں ڈنڈی میں اپنے والدین کے گھر سے سائبر حملوں کا سلسلہ شروع کیا۔اس نے متعدد بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ملازمین کو جعلی ٹیکسٹ پیغامات (فِشنگ ایس ایم ایس) بھیجے، جن میں دعویٰ کیا جاتا تھا کہ ان کے دفتری اکاؤنٹ کی مدت ختم ہونے والی ہے اور اسے فعال رکھنے کے لیے فراہم کردہ لنک پر فوری لاگ اِن کریں۔متاثرہ ملازمین جب جعلی ویب سائٹ پر اپنے صارف نام، پاس ورڈ اور دیگر خفیہ معلومات درج کرتے تو یہ تمام تفصیلات ہیکرز کے قبضے میں چلی جاتیں۔ بعد ازاں انہی معلومات کی مدد سے متاثرین کے اکاؤنٹس تک غیرقانونی رسائی حاصل کر کے کرپٹو کرنسی اور دیگر مالی اثاثے چوری کیے جاتے تھے۔

استغاثہ کے مطابق بوکینن بین الاقوامی سائبر جرائم پیشہ گروہ Scattered Spider کے سرگرم ارکان میں شامل تھا، جو سوشل انجینئرنگ، فِشنگ اور شناخت چوری کے ذریعے دنیا بھر کی بڑی کمپنیوں اور افراد کو نشانہ بناتا رہا۔ عدالت نے جرم کی سنگینی اور مالی نقصان کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے چھ سال قید کی سزا سنائی۔

 

Leave A Comment

Advertisement