کراچی: مختلف علاقوں میں مقابلے، 3 سالہ بچے کو ساتھ لیکر وارداتیں کرنے والے 3 ڈکیتوں سمیت 8 ملزمان گرفتار
کراچی میں رات گئے پولیس نے مختلف مقامات پر مقابلوں کے بعد گھروں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 5 زخمیوں سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈیفنس میں سی آر پٹہ کے قریب مقابلہ کے بعد گھروں میں ڈکیتی میں ملوث زخمی سمیت 3 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں 2 خواتین اور 1 مرد شامل ہے جو 3 سالہ بچے کو ساتھ لے کر وارداتیں انجام دیتے تھے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے 6 ساتھی موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔ملزمان گاڑی اور 3 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، زخمی ملزم خرم شہزاد کو جناح اسپتال منتقل کر کے دیگر ملزمان نسرین اور صغریٰ سے تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 1 گاڑی، 2 موٹر سائیکلیں، پستول، نقدی اور مصنوعی زیورات برآمد ہوئے ہیں، ملزمان کا مزید کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
نارتھ ناظم آباد، گلشنِ معمار اور سپر ہائی وے پر جمالی پل کے قریب مقابلوں کے بعد شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے بتایا ہے کہ گرفتار ڈاکوؤں کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔
ایم ٹی خان روڈ کے قریب بھی مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکو گرفتار کر لیے گئے۔