تازہ ترین

سمندری طوفان "چامپی" کے تائیوان سے ٹکرانے اور جاپان کے جنوبی علاقوں کی طرف بڑھنے کے باعث مشرقی ایشیا بھر میں نظامِ زندگی شدید متاثر ہو گیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق مشرقی ایشیا میں سال کے طاقتور ترین سمندری طوفانوں کے تائیوان کی طرف بڑھنے کے ساتھ ہی علاقے میں شدید الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور ہزاروں مسافر پروازوں کی منسوخی سے متاثر ہوئے ہیں۔طوفان کے پیشِ نظر تائیوان میں اسکول، دفاتر اور اسٹاک ایکسچینج بند کر دیے گئے ہیں جبکہ جاپان اور تائیوان میں 1,000 سے زائد ملکی و بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔تائیوان میں تیز ہواؤں اور مٹی کے تودے گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 94 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔طوفان کی آمد کے پیشِ نظر تائیوان کے 22 اضلاع اور شہروں میں سے تقریباً تمام علاقوں میں جمعے کے روز تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری و نجی دفاتر معطل کر دیے گئے ہیں۔

تائیوان کے سنٹرل ویدر ایڈمنسٹریشن کے مطابق طوفان کا 320 کلومیٹر پر محیط دائرہ اثر جمعے کے روز تائیوان کے زیادہ تر حصے پر محیط رہے گا۔ دارالحکومت تائی پے کے بعض علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 200 ملی میٹر سے زائد بارش ہو چکی ہے، جبکہ شمالی اور شمال مشرقی پہاڑی علاقوں میں 900 ملی میٹر تک بارش اور بوفورٹ سکیل کے آخری درجے (12 ویں لیول) کی طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔تائیوان میں جمعے کے روز طے شدہ تمام 262 اندرونِ ملک پروازیں اور 660 سے زائد بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریلوے، فیری سروسز اور اہم ہائی ویز کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

جاپان میں بھی طوفان چامپی کے شدید اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ جاپان ایئرویز نے اوکی ناوا کے میئاکو اور اشی گاکی ایئرپورٹس کے علاوہ تائی پے کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں ، جس کے باعث 11,000 سے زائد مسافر متاثر ہوئے ہیں۔

چینی محکمہ موسمیات نے طوفان کے لیے 4 درجاتی نظام میں سے سب سے نچلے درجے کا ‘بلیو الرٹ’ جاری کیا ہے، جبکہ طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ رکھنے والے صوبے ‘ژجیانگ’ کے ساحلی علاقوں کے لیے دوسرا بڑا یعنی ‘اورنج الرٹ’ جاری کیا گیا ہے۔ طوفان کے ہفتے کے اختتام پر شنگھائی سمیت مشرقی ساحلی خطے سے گزرنے کی توقع ہے جہاں 50 تا 80 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق طوفان چامپی فی الوقت شمال مغرب کی جانب تائیوان کی طرف بڑھ رہا ہے، جہاں جمعے اور ہفتے کی رات تک اس کا زور رہے گا۔ ہفتے کی دوپہر تک یہ چین کے ساحل سے ہٹ کر جاپان کے جنوبی اور مشرقی حصوں اور جنوبی کوریا کے جزیرے ‘جیجو’ کی طرف مڑ جائے گا۔ یہ سال حالیہ عرصے کے سب سے زیادہ متحرک طوفانی سیزنز میں سے ایک بن رہا ہے۔ جاپان میں رواں سال کا یہ 30 واں طوفان ہے، جو 2013 کے بعد ایک ریکارڈ ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement