’’قراقرم 2026‘‘سنکیانگ میں پاکستان اور چین کی فوجی مشقیں
پاکستان اور چین کی افواج شمال مغربی چین کے خودمختار علاقے سنکیانگ ایغور میں پہلی بار بلند پہاڑی علاقوں میں مشترکہ فوجی تربیتی مشقیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان مشقوں کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور مشترکہ فوجی کارروائیوں کی صلاحیت بہتر بنانا ہے۔
چین کی مسلح افواج کے سرکاری میڈیا اکاؤنٹ ’چائنا ملٹری بگل‘ کے مطابق قراقرم 2026 کے نام سے ہونے والی ان مشقوں کی افتتاحی تقریب شہر کورلا میں واقع ایک فوجی تربیتی اڈے پر منعقد ہوئی۔مشقوں میں بلند پہاڑی علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی کی مشترکہ کارروائیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔تربیتی سرگرمیوں کے دوران پاکستان اور چین کی افواج نے انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اپنے تجربات کا تبادلہ کیا، جبکہ پاکستانی فوجی اہلکاروں نے چین کے بعض ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کا مشاہدہ بھی کیا۔مشقوں میں ڈرونز کو آپریٹ کرنے، حرکت کے دوران اہداف تلاش کرنے، فائرنگ، طویل فاصلے سے نشانہ بازی، مشترکہ کمانڈ اور فوجی اہلکاروں کی عملی شرکت پر مبنی مشقیں شامل ہیں۔ان سرگرمیوں کا مقصد دونوں افواج میں رابطے، مشترکہ منصوبہ بندی اور آپریشنل ہم آہنگی کو بہتر بنانا ہے تاکہ انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران دونوں ممالک کی افواج مؤثر انداز میں مل کر کام کر سکیں۔
Leave A Comment