سپریم کورٹ : ایلیمنٹری سکول ٹیچرز کی پروموشن سے متعلق اہم فیصلہ
سپریم کورٹ نے ایلیمنٹری سکول ٹیچرز کی پروموشن سے متعلق اہم فیصلہ سنادیا۔
سپریم کورٹ نے ایلیمنٹری سکول ٹیچرز کی پروموشن سے متعلق پنجاب سروس ٹربیونل اور محکمہ تعلیم کا 24 مئی 2023 کا حکم کالعدم قراردے دیا،عدالت نے درخواست گزار کو ترقی کی تمام گزشتہ مراعات دینے کا حکم دے دیا۔فیصلے کے مطابق ایلیمینٹری اسکول ٹیچرز کو سینارٹی اور اہلیت کی بنیاد پر 50 فیصد ترقی کا حق حاصل ہے، حکومت کو ایک بہترین اور مثالی کردار ادا کرنا چاہیے،ملازمین کی ترقی اورسنیارٹی میں ابہام پیدا کرنا گڈ گورننس کے منافی ہے . سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ترقیاں واپس لینا گڈ گورننس کے منافی ہے،قوانین و قواعد میں پائے جانے والے ابہام کا نقصان ملازم کو نہیں پہنچایا جا سکتا۔
درخواست گزار محمد شفیق ایلیمنٹری سکول ٹیچر کو بی ایس 16 میں ترقی دی گئی تھی لیکن محکمہ تعلیم پنجاب نے 24 مئی 2023 کو ترقی کا آرڈر واپس لے لیا تھا،محکمہ تعلیم نے 2014ء کے سروس رولز کے ایک نوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ترقی کے احکامات واپس لیے تھےاس کے بعد پنجاب سروس ٹربیونل نے بھی محکمہ تعلیم کے اقدام کو برقرار رکھا تھا۔