تازہ ترین

ہالی ووڈ کی معروف اور آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ ایوا میری سینٹ 102 برس کی عمر میں چل بسیں۔ ایوا میری سینٹ کے نمائندے جیف سینڈرسن کے مطابق اداکارہ نے منگل کے روز لاس اینجلس میں اپنے گھر میں اہل خانہ اور عزیزوں کی موجودگی میں طبعی وجوہات کے باعث آخری سانس لیں۔

اداکارہ نے 1954ء کی فلم ’آن دی واٹر فرنٹ‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور اسی پہلی فلم میں بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ جیت کر ہالی ووڈ میں اپنی جگہ بنا لی۔ اس فلم میں ایوا میری سینٹ نے مارلن برانڈو کے ساتھ اداکاری کی تھی۔ان کے کیریئر کی ایک اور یادگار فلم، الفریڈ ہچکاک کی 1959ء میں ریلیز ہونے والی تھرلر فلم ’نارتھ بائی نارتھ ویسٹ‘ تھی، جس میں انہوں نے کیری گرانٹ کے مدِمقابل ایک جاسوس کا کردار ادا کیا۔ایوا میری سینٹ نے 7 دہائیوں پر محیط کیریئر کے دوران پال نیومین، وارن بیٹی اور دیگر معروف اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ 

انہوں نے فلموں کے علاوہ ٹیلی ویژن میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور 1990ء میں ٹی وی شو’پیپل لائک اَس‘ کے لیے ایمی ایوارڈ جیتا۔ایوا میری سینٹ اپنی بڑھتی ہوئی عمر کے باوجود بھی اداکاری سے وابستہ رہیں۔ اُنہوں نے فلم’سپرمین ریٹرنز‘ اور ’ونٹرز ٹیل‘ جیسی فلموں میں بھی کام کیا، جبکہ اُنہیں آخری بار 2019ء کی فلم ’میریئٹ اِن ایکسٹیسی‘ میں دیکھا گیا۔اداکارہ کی نجی زندگی کے بارے میں بات کی جائے تو ان کی شادی ٹی وی ڈائریکٹر جیفری ہیڈن سے ہوئی تھی اور دونوں کی رفاقت تقریباً 65 برس جاری رہی پھر ان کے شوہر 2016ء میں چل بسے، اس جوڑی کے 2 بچے تھے۔

 

Leave A Comment

Advertisement