تازہ ترین

کسی بھی سیاسی جماعت کی بنیاد ایک نظریے، ایک پروگرام اور ایک مقصد کے تحت رکھی جاتی ہے۔ جب نظریہ کمزور ہونا شروع ہو جائے تو پارٹی بھی خود بخود کمزور ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ ایک کارکن کسی نظریے کی خاطر اپنا پیسہ، اپنا وقت حتیٰ کہ اپنی جان تک قربان کر سکتا ہے، لیکن جب کوئی سیاسی جماعت نظریے کے بجائے کسی شخصیت یا فرد کے گرد چلائی جانے لگے تو پھر اس شخصیت کا سحر اور اثر زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتا۔پاکستان پیپلز پارٹی میں ذوالفقار علی بھٹو یقیناً ایک قدآور اور سحرانگیز شخصیت کے مالک تھے، مگر انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد محض اپنی شخصیت کے بل بوتے پر نہیں رکھی تھی۔ انہوں نے اپنے سیاسی تجربے، اس وقت کے سیاسی و معاشی حالات کو سنجھتے ہوئے، مارشل لا کے خلاف ملک میں جاری محنت کشوں اور مزدوروں کی تحریک اور عالمی حالات کا تجزیہ کرتے ہوئے ایک واضح سیاسی نظریے اور پروگرام کے ساتھ پارٹی کی بنیاد رکھی۔ پھر اسی نظریے اور اصولوں کے تحت انتخابات لڑے اور کامیابی حاصل کی۔اقتدار میں آئے تو اپنی پارٹی کے دیے گئے منشور اور پروگرام پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایسے اقدامات کیے جنہیں اس دور کے سیاسی و معاشی تناظر میں اہم اور انقلابی سمجھا گیا۔ دراصل یہی نظریے کی طاقت تھی کہ جب ضیاء آمریت مسلط ہوئی تو پارٹی کے چیئرمین سے لے کر اس کی درمیانی اور نچلی سطح تک کے کارکنوں کی ایک بڑی پرت فوجی آمریت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کھڑی تھی۔ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے پارٹی نظریات کی سچائی اور اپنے سیاسی مؤقف پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے موقف پر ڈٹ گئے اور اپنی جان کا نذرانہ دیا۔ دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اپنی ننگی پیٹھوں پر کوڑے کھائے، لال قلعے کی صعوبتیں برداشت کیں، پابندِ سلاسل ہوئے اور ضیاء آمریت کے جبر کا مقابلہ مردانہ وار، جرأت اور استقامت کے ساتھ کیا۔ ضیاء آمریت کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کی طویل اور پرامن جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔اس جدوجہد میں پارٹی قیادت اور کارکنوں نے جو قربانیاں دیں، انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی تشخص کو زندہ رکھا۔ بعد کے ادوار میں حاصل ہونے والے محدود اور کمزور اقتدار نے پارٹی کی نظریاتی اور تنظیمی قوت کو ضرور متاثر کیا، لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کا جاندار نظریہ اور جبر کے نظام کے خلاف اس کی طویل جدوجہد اسے مکمل طور پر کمزور ہونے سے بچاتی رہی۔اسی بچی کھچی نظریاتی طاقت اور حوصلے کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے پرویز مشرف کی آمریت کا بھی جرات سے مقابلہ کیا۔ اسٹیبلشمنٹ کے مقابلے میں مزاحمت کا بیانیہ بھی طویل عرصے تک پارٹی کی سیاسی شناخت اور کارکنوں کے حوصلے کا ایک اہم حصہ رہا۔آج پاکستان پیپلز پارٹی کا وجود ان قربانیوں، جدوجہد اور مزاحمتی بیانیے کے تسلسل پر قائم ہے، لیکن کسی بھی سیاسی جماعت کو محض اپنے شاندار ماضی کی یادوں کے سہارے زیادہ عرصے تک زندہ نہیں رکھا جا سکتا۔ اسے ایک ٹھوس نظریے، بامقصد اور جرأت مندانہ بیانیے اور ایک قابلِ عمل سیاسی و معاشی پروگرام کی ضرورت ہوتی ہے۔شاید یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اس طرح مضبوط اور فعال دکھائی نہیں دیتے جیسے ماضی میں پہلے ہوا کرتے تھے۔ نوجوان نسل کو پارٹی کے ساتھ جوڑنے کے لیے بھی محض تاریخی حوالوں اور شخصیات کی یاد کافی نہیں؛ اس کے لیے ایک واضح، قابلِ عمل اور مستقبل سے ہم آہنگ منشور اور لائحۂ عمل درکار ہے۔کسی بھی قیادت کا سحر بھی محض شخصیت سے پیدا نہیں ہوتا۔ قیادت کا اثر اپنے کارکنوں کے ساتھ گہرے رابطے، جرأت مندانہ فیصلوں، اصولی مؤقف اور کارکنوں کی خواہشات و توقعات کے مطابق سیاسی لائحۂ عمل اختیار کرنے سے قائم ہوتا ہے۔ ایک نظریہ ہی وہ واحد بنیادی طاقت ہے جو پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوطی سے قائم رکھتا اور اسے دوام بخشتا ہے۔جب پارٹی قیادت نظریات پر سمجھوتہ کرتی ہے اور اپنے پروگرام سے انحراف شروع کرتی ہے تو پارٹی کیڈر مایوسی کا شکار ہو کر گھر بیٹھ جاتا ہے اور پھر عام کارکن بھی بتدریج وسیع سیاسی مقصد کے بجائے اپنے چھوٹے چھوٹے مفادات، ذاتی وابستگیوں اور ذات برادری کے دائروں میں فیصلے کرنے لگتے ہیں۔ یوں پارٹی پالیسی اور کارکن کے عملی کردار کے درمیان فاصلہ بڑھتا چلا جاتا ہے اور تنظیمی ڈھانچہ اندر سے کمزور ہونے لگتا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی موجودہ نوجوان قیادت کو بالآخر یہ طے کرنا ہوگا کہ پارٹی کو اپنے نظریات، عوامی ترجیحات اور بنیادی سیاسی پروگرام کے مطابق آگے بڑھانا ہے یا اپنے سیاسی فیصلوں کو مقتدر قوتوں کی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔ اگر راستہ نظریات، عوامی ترجیحات اور جمہوری سیاست کا اختیار کرنا ہے تو پھر پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو بھی اسی مقصد کے حصول کیلئے نئے سرے سے، نئے انداز اور نئے سیاسی تقاضوں کے مطابق کھڑا کرنا ہوگا۔ورنہ خطرہ یہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جیسی ایک تاریخی اور قومی سیاسی جماعت اپنے ماضی کے اثر اور سیاسی دبدبے سے محروم ہوتے ہوئے بتدریج ایک روایتی یا محدود علاقائی سیاسی جماعت کا تاثر اختیار کر لے، اور پاکستان کے بدلتے ہوئے سیاسی رجحانات، عوامی مطالبات اور نئی نسل کی ترجیحات سے اس کا فاصلہ بڑھتا جائے۔اس کا فوری اثر عوامی مقبولیت میں مزید کمی اور پارٹی کارکنوں میں بڑھتی ہوئی مایوسی کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے اس سے بڑا خطرہ کوئی اور نہیں کہ اس کے کارکن اپنے نظریے، قیادت اور مستقبل کے سیاسی راستے کے بارے میں خود سوال اٹھانا شروع کر دیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ یہ سبق دیتی ہے کہ شخصیات جماعت کو جنم دے سکتی ہیں، لیکن کسی جماعت کو نسلوں تک زندہ رکھنے کی اصل طاقت نظریہ، پروگرام، تنظیم اور کارکنوں کی قربانیاں ہوتی ہیں۔ اگر پارٹی اپنے اسی بنیادی جوہر سے دوبارہ جڑتی ہے تو اس کی تنظیمی زندگی اور سیاسی کردار کے لیے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں؛ لیکن اگر نظریہ اور پروگرام ثانوی حیثیت اختیار کرتے گئے تو محض ماضی کی عظمت کسی سیاسی جماعت کے مستقبل کی ضمانت نہیں بن سکتی۔

Leave A Comment

Advertisement