وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے روٹ کی تبدیلی کا اعلان کردیا
پاکستان تحریک انصاف نے لانگ مارچ کا روٹ تبدیل کردیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ لانگ مارچ کا قافلہ منگل کی رات کوہاٹ سے خیبر ضلع جائے گا، جس کے بعد پشاور پہنچے گا۔کوہاٹ کے یونیورسٹی چوک پر لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر ضلع کے عوام نے مارچ کے شرکاء کی میزبانی کی خواہش ظاہر کی، جس کے باعث روٹ تبدیل کیا گیا ہے۔خیبر ضلع کے بعد قافلہ پشاور جائے گا۔اس سے قبل قافلے کو کوہاٹ سے براہ راست پشاور پہنچنا تھا اور مٹنی کے قریب رات قیام کا پروگرام تھا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ لانگ مارچ کے تیسرے روز کوہاٹ سے روانہ ہوا، وزیراعلیٰ نے کوہاٹ کے عوام کی جانب سے استقبال اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتجاج کا راستہ اختیار کرنے سے قبل تمام آئینی، قانونی اور جمہوری ذرائع استعمال کیے۔ ان کے مطابق پارٹی کے مطالبات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان تک رسائی اور ان کے طبی علاج کی سہولت بھی شامل ہے۔پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات کا مسودہ سوشل میڈیا پر جاری کردیا ہے اور حکومت سے سوال کیا کہ وہ ان مطالبات میں کسی ایک شق کی نشاندہی کرے جو آئین یا قانون کے خلاف ہو۔پی ٹی آئی کا لانگ مارچ غیر مسلح ہے اور احتجاج پرامن انداز میں کیا جائے گا۔ انہوں نے شرکاء سے بھی پرامن رہنے کی اپیل کی۔