رحیم یارخان:دکی کے علاقہ ناناصاحب زیارت سے مزدوری کے دوران اغواء ہونے والے مزدوروں کے ورثاء کا پریس کلب کے باہرشدیداحتجاج
رحیم یارخان(أن لائن)بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقہ ناناصاحب زیارت سے مزدوری کے دوران اغواء ہونے والے مزدوروں کے ورثاء کا پریس کلب کے باہرشدیداحتجاج‘ مغویوں کوباحفاظت بازیاب کروانے کامطالبہ‘ مغویوں کے ورثاء نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت بستی رسول پور موضع امین گڑھ کے رہائشی اور مغوی باپ بیٹے محمد شاہد اور احتشام شاہد کے بھائی محمد صادق نے کی۔ اس موقع پر محمد حمزہ‘ محمد منیر‘ محمد اختر‘ محمد عرفان‘ دانیال نقیب‘ محسن اور عمر صادق سمیت دیگر متاثرہ خاندانوں کے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مغویوں کی بازیابی اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے مطالبات درج تھے۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے مغوی محمد شاہد کے بڑے بھائی محمد صادق نے آبدیدہ ہوتے ہوئے بتایا کہ ان کا بھائی اور بھتیجا اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بلوچستان میں محنت مزدوری کیلئے گئے تھے جہاں 28 ستمبر کو نا معلوم مسلح دہشت گردوں نے ان کے بھائی اور بھتیجے سمیت 10مزدروں کو اغوا کر لیا جن میں سے 10 مغوی مزدروں کا تعلق رحیم یارخان کے علاقہ چوک چدھڑسے ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود نہ تو مغویوں کا کوئی سراغ مل سکا ہے اور نہ ہی انہیں بازیاب کرایا گیا ہے جس کی وجہ سے تمام اہل خانہ شدید ذہنی کرب اور اذیت کا شکار ہیں۔
مظاہرین نے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبل اس کے کہ دہشت گرد مغویوں کو کوئی جانی نقصان پہنچائیں‘ حکومت اور تمام متعلقہ ادارے فوراً متحرک ہوں۔مظاہرین نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف‘ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس اندوہناک واقعے کا فوری نوٹس لیں اور آپریشن تیز کر کے تمام 10 مغوی مزدوروں کی باحفاظت اور جلد از جلد بازیابی یقینی بنائیں۔