سعودی اتحاد کے صنعاء پر فضائی حملے، ریاض میں آرامکو کی ریفائنری کے قریب آگ اور دھواں
سعودی عرب کی سب سے بڑی توانائی کمپنی ’آرامکو‘ کی دارالحکومت ریاض میں واقع تنصیب کے قریب آگ اور دھوئیں کے گہرے بادل چھائے نظر آرہے ہیں، جب کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں بھی شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جسے حوثیوں نے سعودی اتحادی افواج کے فضائی حملوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ ایک عینی شاہد نے تصدیق کی کہ ہفتے کے روز ریاض میں واقع ’آرامکو‘ کی تنصیب کے قریب آگ کے شعلے اور شدید دھواں اٹھتے دیکھا گیا ہے۔سعودی حکام کی جانب سے تاحال اس واقعے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی اور نہ ہی آرامکو نے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ کیا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی شہروں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم اب تک حوثیوں سمیت کسی دیگر گروہ نے ریاض پر بھی کسی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔