آزاد کشمیر انتخابات: تیسرے مرحلے کی پولنگ کا آغاز
آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز ہوگیا اور یہ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔چیف الیکشن کمشنر کے مطابق پونچھ کے پانچ اور سدھنوتی کے دو حلقوں میں انتخابات مؤخر کیے گئے ہیں، ضلع باغ اور حویلی میں گزشتہ شب انتخابی سامان پہنچایا گیا۔
2 سابق وزرائے اعظم سردار عتیق، سردار تنویر الیاس اور موجودہ وزیر اعظم فیصل راٹھور بھی میدان میں ہیں۔باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 میں سے9 نشستوں پر ن لیگ اور 4 پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تھی جبکہ دوسرے مرحلے میں 21 میں سے 15 نشستوں پر مسلم لیگ ن اور 6 پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تھی۔
گزشتہ روز پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں چوہدری یاسین نے کہا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن کمیشن نے اپنی مرضی سے انتخابات کروائے، موجودہ الیکشن کمشنر کے مخصوص مقاصد ہیں۔ پنجاب پولیس کو جان بوجھ کر مخصوص مقاصد کے لیے بلایا گیا، انتخابات میں ن لیگ کو زبردستی جتوایا جارہا ہے۔ آزاد کشمیر الیکشن میں 2016 کے انتخابات کی یاد تازہ کروائی گئی، ن لیگ نے 80 فیصد حلقوں پر تحقیقات پر آمادگی کی پھر مکر گئے۔