تازہ ترین

نئے وزیرِاعظم اینڈی برنہم نے منصب سنبھالنے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ ان کی حکومت ملک کے لیے ایک "ٹرننگ پوائنٹ" ثابت ہوگی، انہوں نے مہنگائی میں ریلیف اور بڑے معاشی اصلاحاتی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

اینڈی برنہم برطانیہ کے نئے وزیر اعظم بن گئے بادشاہ چارلس کی طرف سے حکومت بنانے کی دعوت ملنے کے بعد ڈاؤئنگ اسٹریٹ پہنچنے پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے فوری ریلیف اقدامات کا آغاز آج سے کیا جائے گا۔برطانوی وزیرِاعظم نے بتایا کہ حکومت توانائی کے بلوں، بس کرایوں اور دیگر بنیادی اخراجات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیکیج متعارف کرائے گی، جبکہ اس سال کے آخر میں برطانیہ کی سیاسی اور معاشی سمت متعین کرنے کے لیے 10 سالہ قومی منصوبہ بھی پیش کیا جائے گا۔بے گھر افراد کے مسئلے کے خاتمے، مزید کونسل گھروں کی تعمیر اور اختیارات کو مقامی سطح تک منتقل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کو عوامی خدمت کا حقیقی ذریعہ بنایا جائے گا۔

اس سے قبل اینڈی برنہم نے بکنگھم پیلس میں شاہ چارلس سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا۔ سابق وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کے استعفے کے بعد وہ گزشتہ ایک دہائی میں برطانیہ کے چھٹے وزیرِ اعظم بن گئے ہیں۔نئے وزیرِاعظم آج اپنی کابینہ کی تشکیل کا عمل بھی شروع کریں گے، جبکہ حکومت کی پہلی ترجیح مہنگائی سے متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا قرار دی جا رہی ہے۔

قبل ازیں سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ میں وزیر اعظم کے عہدے سے استعفیٰ دینے بکنگھم پیلس جارہا ہوں، سر کیئر اسٹار مر نے بکنگھم پیلس میں شاہ چارلس سے ملاقات کے لیے جانے سے قبل الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا کام مکمل ہوا، برطانیہ اب مضبوط اور منصفانہ ملک ہے، انہوں نے کہا کہ پارٹی کو تاریخی شکست کے بعد اسے فتح دلائی، معیشت ترقی کررہی ہے اور امیگریشن میں کمی آئی ہے۔ نئے وزیرِاعظم اینڈی برنہم کو میری مکمل حمایت حاصل ہوگی، اس موقع پر لیبر پارٹی کے رہنماؤں کی بڑی تعداد سر کیئر اسٹارمر کو الوداع اور اینڈی برنہم کو خوش آمدید کہنے کیلئے جمع تھی۔اپوزیشن جماعت کنزرویٹو کی لیڈر کیمی بیڈینوک نے بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی صورت ٹیکسوں میں اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔لبرل ڈیموکریٹ نے کہا ہے کہ حکومت سے سوشل کیئر کے منصوبوں پر تعاون ممکن ہے جبکہ ریفارم یوکے نے ملک میں فوری انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔