گڈزٹرانسپورٹرزکا کرایوں میں 15 فی صد اضافے کا اعلان
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فی صد اضافے کا اعلان کر دیا ۔
کراچی میں صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ٹول ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور چالان ختم کیے جائیں، حکومتی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹ شعبے کے لیے فوری ریلیف ناگزیر ہے۔
منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی کرائے10 فیصد بڑھا دیے ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹزز نے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیاہے،سرکاری سطح پر کرائے نامے کی تیاری کے لیے ٹرانسپورٹ ہاؤس میں اجلاس جاری ہے،گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھنے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھنے کا خدشہ ہے۔
صدر پاکستان مزدا و گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کاکہناہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ تبدیلی سے شعبہ ٹرانسپورٹ بری طرح متاثر ہوگا،روزانہ نیا کرایہ اور مہنگی سپلائی سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا ناممکن ہوگا۔