سوئٹزرلینڈ نے کولمبیا کو ہرا کر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنالی
فٹ بال ورلڈ کپ کے آخری پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ نے کولمبیا کو شکست دے کر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنالی، میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر چار تین کے اسکور سے ہوا۔وینکوور میں کھیلے گئے میچ میں سوئٹرزلینڈ کا کولمبیا کے خلاف پلہ بھاری ضرور رہا مگر اُن کے کھلاڑی کئے گئے حملوں کو گول میں تبدیل نہیں کرسکے۔ کولمبیا کی ٹیم بھی سبقت کی تلاش میں رہی مگر ملنے والے مواقع سے وہ بھی فائدہ نہ اُٹھاسکے۔
میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا، دوسرے ہاف میں بھی یہی صورتحال رہی، مقررہ وقت برابری پر ختم ہوا تو مقابلے کو فیصلہ کن بنانے کیلئے اضافی وقت دیا گیا مگر اس میں بھی کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا، بات پنالٹی شوٹ آؤٹ پر آگئی۔اس سیشن میں کولمبیا کی ٹیم تین اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیم چار پنالٹیز پر گول کرنے میں کامیاب رہی اور یوں اُس نے یہ پری کوارٹر فائنل جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جہاں اُس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سے ہوگا۔