تازہ ترین

فٹ بال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف تھرٹی ٹو میں پیراگوئے نے جرمنی کو غیر متوقع طور پر شکست دے کر اُسے ایونٹ سے باہر کردیا، میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے سڈن ڈیتھ سیشن میں ہوا، کھیل کے مقررہ اور اضافی وقت میں مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا۔بوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں مقررہ وقت کے پہلے ہاف میں جرمنی کا پلہ بھاری رہا لیکن برتری پہلے پیراگوئے کو ملی جن کے کھلاڑی جولیو اینسیکو نے 42 ویں منٹ میں گول کرکے شائقین کو حیران کردیا، وقفے تک مقابلہ ایک صفر تھا۔

دوسرے ہاف کی ابتداء سے ہی جرمنی کے کھلاڑیوں نے پیراگوئے کے گول پر حملے جاری رکھے، اُن کو کامیابی اس ہاف کےنویں منٹ میں مل گئی جب اُن کے اسٹار کھلاڑی ہیورٹز نے گول کرکے ٹیم کو ایک، ایک گول سے ہم پلہ بنادیا، مقابلہ برابر ہونے کے بعد پیراگوئے کے کھلاڑیوں نے شاندار دفاع کیا اور اپنے سے مضبوط ٹیم کے کھلاڑیوں کو گول نہ کرنے دیا۔مقررہ وقت میں مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر ہونے کے بعد آدھے گھنٹے کا اضافی وقت دیا گیا جس میں جرمنی کے کھلاڑی تا نے گول کردیا تھا مگر ریفری نے پیراگوئے کے گول کیپر کے خلاف فاؤل کرنے کے نیتجے میں اس کو مسترد کردیا۔

 اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی پھر وقت آگیا پنالٹی شوٹ آؤٹ کا، پانچ ،پانچ پنالٹی ککس پر بھی دونوں ٹیمیں تین، تین گول سے برابر رہیں۔اب بات آگئی سڈن ڈیتھ سیشن پر جس کی پہلی پنالٹی جرمنی کے کھلاڑی تا نے ضائع کردی جبکہ پیراگوئے کے کھلاڑی نے گول کرکے ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں پہنچادیا جہاں اُس کا مقابلہ فرانس یا سوئیڈن سے ہوگا۔

 

Leave A Comment

Advertisement