فیفا ورلڈ کپ : میچز
کروشیا کی پاناما کیخلاف 0-1 سے کامیابی، ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی اُمیدیں برقرار
فیفا ورلڈکپ 2026 میں کروشیا نے پاناما کے خلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کرلی۔کروشیا اور پاناما کے درمیان گروپ ایل کے اس اہم میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تاہم دوسرے ہاف میں کروشیا کی جانب سے آنتے بدیمیر نے 54ویں منٹ میں گول سکور کیا اور اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ اس اہم میچ میں فتح کے ساتھ ہی کروشیا کی فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی امیدیں برقرار ہیں۔اس شکست کے بعد پاناما ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ گروپ ایل میں اب ناک آؤٹ مرحلے میں انگلینڈ، گھانا اور کروشیا کے درمیان مقابلہ ہے۔
پرتگال نے ازبکستان کو پانچ صفر سے شکست دے دی
فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے کھیلے گئے میچ میں پرتگال نے ازبکستان کو پانچ صفر سے شکست دے دی۔پرتگال کی جانب سے کرسٹیانو رونالڈو نے دو گول اسکور کیے اور فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کیا۔رونالڈو چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔پرتگال کے کپتان رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف پہلے ہاف میں دو گول اسکور کیے، پہلا گول چھٹے منٹ میں جبکہ دوسرا 39 ویں منٹ میں اسکور کیا۔41 سالہ رونالڈو 2006، 2010، 2014، 2018، 2022 اور 2026 ورلڈ کپ میں گول کر چکے ہیں۔رونالڈو ورلڈ کپ کی تاریخ کے دوسرے معمر ترین گول اسکورر بھی بن گئے۔
فیفا ورلڈ کپ، انگلینڈ اور گھانا کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں انگلینڈ اپنی شاندار فارم برقرار رکھنے میں ناکام رہا اور گھانا کے خلاف کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے اپنے پہلے میچ جیسا جارحانہ اور رواں کھیل پیش نہیں کیا جہاں انہوں نے کروشیا کو زیر کیا تھا۔ اس بار ٹیم کو گھانا کی منظم دفاعی حکمت عملی کے سامنے مشکلات کا سامنا رہا۔میچ کے دوران انگلینڈ کو پہلا شاٹ آن ٹارگٹ حاصل کرنے میں 57 منٹ لگے جبکہ دفاعی لائن بھی کئی بار دباؤ میں نظر آئی۔گھانا نے تیز جوابی حملوں سے انگلینڈ کو پریشان کیے رکھا اور مقابلہ زیادہ تر بکھرا ہوا اور غیر مربوط دکھائی دیا۔کوچ تھامس ٹوخل نے اس تعطل کو توڑنے کے لیے تبدیلیاں کیں اور بوکایو ساکا کو میدان میں اتارا جبکہ جوڈ بیلنگھم کی جگہ مورگن راجرز کو شامل کیا گیا۔ساکا نے گول کیپر کو ایک اچھے شاٹ پر آزمایا جسے گھانا کے گول کیپر بنیامین اسارے نے شاندار انداز میں روک لیا۔اسی طرح نکولس او’رائلی کا ہیڈر کراس بار سے ٹکرا گیا جبکہ مارک گیہی کا یقینی گول لائن پر روک لیا گیا۔ انگلینڈ نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا لیکن فیصلہ کن گول نہ کرسکا۔