مکسڈ مارشل آرٹس , شاہ زیب رند کی کامیابی، سابق یو ایف سی فائٹر کو ناک آؤٹ کر دیا
میامی فلوریڈا میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ 61 ایونٹ میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے مکسڈ مارشل آرٹس اسٹار شاہ زیب رند نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور شاندار کامیابی حاصل کر لی ہے۔انہوں نے سابق یو ایف سی فائٹر آندرے ایول کو دوسرے راؤنڈ میں زبردست ناک آؤٹ شکست دے کر عالمی سطح پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے،غیر متوقع حالات میں رنگ میں اترنے والے پاکستانی چیمپیئن نے شاندار اعصاب اور طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے امریکی حریف کو ایک درست اور زوردار ہیڈ کِک کے ذریعے گرا دیا۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب رند اس فائٹ میں اچانک تبدیلی کے ساتھ شریک ہوئے تھے کیونکہ ان کے اصل حریف پٹریکی پٹ بل انجری کی وجہ سے مقابلے سے باہر ہو گئے تھے۔ ان کی جگہ آندرے ایول نے مختصر نوٹس پر یہ فائٹ قبول کی تھی، تاہم یہ تبدیلی بھی رند کے لیے کوئی رکاوٹ ثابت نہ ہوئی۔شاہ زیب نے ابتدائی راؤنڈ سے ہی فائٹ پر مکمل کنٹرول رکھا اور تیز پنچز اور طاقتور ککس کے ذریعے امریکی فائٹر کو مسلسل دفاعی پوزیشن پر رکھا۔دوسرے راؤنڈ کے درمیان میں انہوں نے فیصلہ کن وار کیا اور ایک صاف ہیڈ کِک کے ذریعے ایول کو زمین پر گرا دیا جس کے بعد ریفری نے فوراً فائٹ روک کر شاہ زیب کو فاتح قرار دے دیا۔ناک آؤٹ کے بعد شاہ زیب رند نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنی انعامی رقم کا کچھ حصہ اپنے حریف آندرے ایول کے ساتھ شیئر کریں گے کیونکہ انہوں نے آخری وقت میں فائٹ قبول کی تھی۔