مشرق وسطیٰ میں شدید کشیدگی ، کم از کم 8 ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دیں
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں اور اس کے بعد ایران کی جوابی کارروائی کے باعث مشرق وسطیٰ میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی۔ جس کے نتیجے میں کم از کم 8 ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دیں۔ غیر معمولی صورتحال نے یورپ اور ایشیا کے درمیان فضائی رابطوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ جبکہ عالمی ایئرلائنز کو پروازیں منسوخ، معطل یا متبادل راستوں پر منتقل کرنا پڑ رہی ہیں۔فضائی حدود بند کرنے والے ممالک میں ایران، اسرائیل، عراق، اردن، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور شام شامل ہیں۔
امارات ایئرلائن نے دبئی ایئرپورٹ سے متعدد پروازیں معطل کر دیں۔ جبکہ فلائی دبئی کی سروسز بھی متاثر ہوئیں۔ قطر ایئرویز نے عارضی طور پر پروازیں روک دیں۔ جبکہ اومان ایئر نے بغداد کے لیے پروازیں معطل کر دیں۔ کویت ایئرویز نے ایران کے لیے تمام پروازیں بند کر دیں۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے بھی مشرق وسطیٰ کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں ترکش ایئرلائن سمیت دیگر ترک فضائی کمپنیوں نے ایران، عراق، شام، لبنان، اردن، قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات کے لیے متعدد پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔