تازہ ترین

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز کا اہم دورہ کیا، جہاں انہیں عسکری قیادت کی جانب سے پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر حالیہ صورتحال اور سلامتی کے چیلنجز پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ملک کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت کے دو ٹوک موقف کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ اور پاکستان کے خلاف شر پسند کارروائیوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی شر پسندی کے لیے 'زیرو ٹالرنس' کی پالیسی اپنائی جائے گی۔افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کی جانب سے پاکستان کی سلامتی کو نشانہ بنانا کسی صورت ناقابل قبول ہے۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی قیادت میں افواجِ پاکستان کی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے سرحدی علاقوں میں افغان طالبان کے حملوں کو پسپا کرنے اور ان کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کرنے پر پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔