تازہ ترین

رحیم یارخان(أن لائن)دریائے سندھ میں مچھلی کاشکارکرنیوالے شکاریوں کے جال میں نایاب نسل کی ڈولفن مچھلی پھنس گئی’ کارروائی کے خوف سے شکاریوں نے ڈولفن کوگہرے پانی میں چھوڑ دیا’ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل۔

 لیاقت پور سے ملحقہ دریائے سندھ میں شکار کے دوران نایاب ڈولفن مچھلی شکاریوں کے جال میں پھنس گئی۔ جال میں ڈولفن کے پھنسنے پر شکار کرنے والوں میں تشویش پھیل گئی اور محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے قانونی کارروائی کے خوف سے انہوں نے ڈولفن کو جال سے نکال کر فوری طور پر گہرے پانی میں چھوڑ دیا۔ڈولفن کے جال میں پھنسنے اور اسے پانی میں چھوڑنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد شہریوں اور ماحولیاتی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ دریائے سندھ میں نایاب آبی حیات کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

میڈیا کی جانب سے محکمہ وائلڈ لائف کے حکام سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ڈولفن کے جال میں پھنسنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے تاہم محکمہ وائلڈ لائف کو واقعہ کے حوالے سے تاحال کسی قسم کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ کی باضابطہ اطلاع ملنے پر حقائق کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں پائی جانے والی نایاب ڈولفن آبی حیات کا اہم حصہ ہے’ اس کے تحفظ کیلئے غیر قانونی شکار کی روک تھام اور شکاریوں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وائرل ویڈیو کی بنیاد پر واقعہ کا جائزہ لے کر ڈولفن کے شکار کی کوشش کرنے والوں کا سراغ لگایا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Leave A Comment

Advertisement