رحیم یارخان : ٹریفک حادثات
رحیم یارخان(أن لائن )ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار کچل ڈالے‘ کار سڑک پر آجانیوالے کتے کو بچاتے ہوئے فٹ پاتھ سے جاٹکرائی‘ موٹرسائیکلوں میں تصادم‘ سڑک کراس کرنیوالا 65سالہ شخص نامعلوم گاڑی کی زد میں آگیا‘ 4 جاں بحق‘ 5 شدید زخمی طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل
پہلاحادثہ کوٹ سمابہ کے نزدیک پیش آیا جہاں پل سنی کا رہائشی 35سالہ محمدزاہد اپنے ساتھیوں 26سالہ راشد اور18سالہ شان کے ہمراہ موٹرسائیکل پر روزگار کے سلسلہ میں جارہاتھا کہ سامنے سے آنیوالے ٹرالر نے انہیں کچل ڈالا جس کے نتیجہ میں محمدزاہد زخموں کی تاب نہ لاتے موقع پر ہی دم توڑگیا جبکہ راشد اورشان زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو کی مدد سے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
دوسرا حادثہ تاج گڑھ روڈ پر پیش آیا جہاں بہاولپور کا رہائشی 21سالہ عذیر اپنے ساتھیوں 17سالہ محمداحمد‘ 21سالہ محمدشان اور 17سالہ کامران کے ہمراہ کار پر جارہاتھا کہ اچانک سائیڈ روڈ سے سڑک پر آنیوالے کتے کو بچاتے ہوئے کار فٹ پاتھ سے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں عذیر زخموں کی تاب نہ لاتے موقع پر ہی دم توڑگیا جبکہ محمداحمد‘ محمدشان اور کامران شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
تیسرا حادثہ صادق آباد کے رہائشی 32سالہ شہزاد کے ساتھ پیش آیا جو اپنی موٹرسائیکل پر کام کے سلسلہ میں انتہائی تیزرفتاری سے جارہاتھا کہ موٹرسائیکل بے قابوہوکر سامنے سے آنیوالے موٹر سائیکل سے ٹکراگیا جس کے نتیجہ میں شدید زخمی ہونے پر شہزاد احمد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں شہزاد زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑگیا
چوتھا حادثہ چوک بہادر پور کے رہائشی 65سالہ امام بخش کے ساتھ پیش آیا جسے سڑک کراس کرنے کے دوران نامعلوم تیزرفتار گاڑی نے کچل ڈالا جسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں امام بخش زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑگیا۔