برطانیہ: منی لانڈرنگ کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، باربر شاپس و ویپ اسٹورز نشانے پر
برطانیہ میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی تیاریاں جاری ہیں جن کے تحت حجاموں کی دکانوں، ویپ اسٹورز اور مِنی مارٹس سمیت مشتبہ کاروباروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔برطانوی سیکریٹری داخلہ شبانہ محمود نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ غیر قانونی رقوم کو سفید کرنے کے لیے کاروباری مراکز استعمال کر رہے ہیں جس کے باعث ملک گیر آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔
نیشنل کرائم ایجنسی کے اندازے کے تحت ان کاروباروں کی آڑ میں ہر سال تقریباً 1 بلین پاؤنڈ کی منی لانڈرنگ کی جاتی ہے۔تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ انسانی اسمگلر برطانیہ میں رجسٹرڈ کاروباری نیٹ ورکس کے ذریعے غیر قانونی چینل کراسنگ کے لیے رقوم وصول کرتے ہیں جنہیں بعد ازاں فرانس میں موجود اسمگلرز تک منتقل کیا جاتا ہے۔
اس خصوصی آپریشن کا مقصد چھاپے مار کر نقد رقم ضبط کرنا، غیر قانونی مالی نیٹ ورکس توڑنا اور جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے شکنجے میں لانا ہے۔ 3 سالہ پروگرام کے تحت نیشنل کرائم ایجنسی، گریٹر مانچسٹر پولیس اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی تاکہ ہائی اسٹریٹ آرگنائزڈ کرائم کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔