نئی دہلی مکمل فنڈنگ کر رہی ہے،دہشت گرد جو زبان سمجھتے ہیں انہیں اسی میں جواب دیا جائے گا :خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشت گرد جو زبان سمجھتے ہیں انہیں اسی میں جواب دیا جائے گا ۔بھارت کی جانب سے ہم پرپراکسی وارمسلط کی گئی ہے، نئی دہلی دہشت گردوں کی مکمل فنڈنگ کر رہی ہے۔ بلوچستان میں 150 سے زائد دہشت گرد مارے گئے، بھارت صوبے میں دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بلوچستان کا رقبہ زیادہ آبادی کم ہے، دہشت گرد اس کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ہماری افواج برسوں سے دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے۔ ہماری حراست میں بھارتی دہشت گرد کلبھوشن بھی بلوچستان سے پکڑا گیا، خیبر پختونخوا بھی دہشت گردوں کا ہدف بنا ہوا ہے۔ خیبر پختونخوا کے حکمرانوں کو قومی بیانیے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، کے پی حکومت فوج، وفاقی اداروں کو کھل کر سپورٹ کرے، دہشت گرد جو زبان سمجھتے ہیں انہیں اسی میں جواب دیا جائے گا۔