سیالکوٹ: گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکا، باپ 2 بچوں سمیت جاں بحق
سیالکوٹ کی عسکری کالونی نمبر 2 کے ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے باپ اور 2 بچے جان کی بازی ہارگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق رات گئے سوئی گیس کی بندش کے دوران گیس کا وال آن رہ گیا تھا اور گیس کی بحالی کے بعد پورا گھر گیس سے بھر گیا تھا۔ صبح سویرے اہل خانہ کے کسی فرد نے جیسے ہی بجلی کا سوئچ آن کیا تو زوردار دھماکا ہوا اور گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔
ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جھلسنے والے میاں بیوی اور 3 بچوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا تاہم استپال میں زیر علاج 38 سالہ علی باجوہ، ان کے 2 معصوم بیٹے 6 سالہ ضرار اور 3 سالہ زاہد جانبر نہ ہو سکے۔واقعے میں زخمی ہونے والی ایک سالہ زوریش اور علی باجوہ کی اہلیہ تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق گھر میں موجود پانچوں افراد جھلس کر زخمی ہوئے تھے، جنہیں زندہ حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔