پاکستان میں جوئے اور شرط لگانے والی 184 ویب سائٹس اور ایپس بلاک
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک بھر میں جوئے اور شرط لگانے والی 184 ویب سائٹس اور ایپس بلاک کردی ہیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے پیش کیے گئے تحریری جواب میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پی ٹی اے نے ملک میں جوئے اور شرط لگانے سے متعلق متعدد ویب سائٹس اور موبائل ایپلیکیشنز کو بلاک کیا ہے، جبکہ ان سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنا پی ٹی اے کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔جواب میں مزید بتایا گیا کہ ملک بھر کے تمام اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی کمپنی یا پلیٹ فارم سے معاہدے نہ کریں جو جوئے یا شرط لگانے میں ملوث ہو۔کابینہ ڈویژن نے اعتراف کیا کہ غیر قانونی آن لائن مواد کو مکمل طور پر ختم یا بلاک کرنے کے لیے پی ٹی اے کے اختیارات محدود ہیں، اور اس حوالے سے قانون سازی اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کی ضرورت ہے۔