این اے 129 ضمنی الیکشن، حماد اظہر سمیت 25 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 میں ضمنی الیکشن کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا عمل مکمل ہو گیا۔ریٹرننگ آفیسر کے مطابق این اے 129 میں ضمنی الیکشن کے لیے 25 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔ معروف شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ جالب نے بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔طاہرہ جالب کے تجویز کنندگان میں پی پی پی رہنما فیصل میر شامل ہیں۔دیگر امیدواروں میں مسلم لیگ (ن) کے حافظ نعمان اور رانا مشہود، پاکستان تحریک انصاف کے حماد اظہر اور میاں اویس انجم، جبکہ پیپلز پارٹی کے آصف ناگرہ نے بھی کاغذات جمع کرائے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر کے مطابق امیدواروں کی عبوری فہرست کل (7 اگست) کو آویزاں کی جائے گی جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 8 اگست سے شروع ہوگا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق این اے 129 میں ضمنی الیکشن 18 ستمبر کو منعقد ہوگا۔این اے 129 لاہور کی سیاسی تاریخ میں اہم رہا ہے اور 2024 کے انتخابات میں سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے آزاد امیدوار کے طور پر 103718 ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹی تھی۔ میاں اظہر کی وفات کے بعد یہ نشست دوبارہ خالی ہوئی جس کے نتیجے میں ضمنی الیکشن کا انعقاد ہو رہا ہے۔