تازہ ترین

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، متعدد علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔ اورنگی، کورنگی، لیاری، ماڑی پور اور لائنز ایریا , قائد آباد، ملیر، منگھوپیر، کیماڑی، سرجانی , نیو کراچی ,سولجر بازار، ہاکس بے روڈ اور گلشن معمار کے مکین بھی شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش سے پریشان ہیں۔

بجلی کی بندش کے خلاف اورنگی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں نے احتجاج بھی کیا اور مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے۔متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر بجلی دو سے تین روز تک مسلسل غائب رہی، جس کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 کے الیکٹرک نے 10 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بجلی کی بندش بعض علاقوں میں بلوں کی عدم ادائیگی اور تکنیکی وجوہات کی بنا پر کی جاتی ہے۔