عالمی منڈی : سونے کی قیمتوں کو جھٹکا، بڑی کمی
عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کے باعث قیمتی دھاتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت مسلسل چوتھے سیشن میں گراوٹ کا شکار رہی اور 0.6 فیصد کمی کے ساتھ 4,619 ڈالر فی اونس پر آ گئی، جو 6 مئی کے بعد کم ترین سطح ہے۔ ہفتہ وار بنیاد پر بھی سونا تقریباً 2 فیصد سستا ہو چکا ہے، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 1.3 فیصد کمی کے ساتھ 4,624 ڈالر پر بند ہوئے۔ڈالر کی قدر میں ایک فیصد سے زائد اضافے نے سونے کو دیگر کرنسی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے مزید مہنگا بنا دیا، جس سے طلب میں کمی آئی۔
ماہرین کے مطابق تیل کی بڑھتی قیمتوں نے مہنگائی کے خدشات کو دوبارہ ہوا دی ہے، جس کے باعث بانڈ ییلڈز اور ڈالر مضبوط ہوئے اور سونے پر دباؤ بڑھ گیا۔
امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈ ییلڈ تقریباً ایک سال کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہے، جس سے سونا رکھنے کی لاگت بڑھ گئی کیونکہ یہ منافع نہ دینے والا اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔ دوسری جانب برینٹ خام تیل کی قیمتیں اس ہفتے 5.6 فیصد اضافے کے ساتھ 106 ڈالر فی بیرل سے اوپر رہیں، جس کی ایک بڑی وجہ ایران سے متعلق کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال ہے۔