امریکا نے قبضے میں لیے گئے ایرانی جہاز اور عملے کو پاکستان کے حوالے کر دیا
امریکا نے قبضے میں لیے گئے ایرانی جہاز اور عملے کو پاکستان کے حوالے کر دیا۔جہاز کی پاکستان کو حوالگی ایران کو واپسی کے لیے کی گئی ہے، امریکی حکام نے ایم وی توکسا کے عملے کے 22 افراد کو پاکستان حوالے کیا ہے۔ جہاز اور عملے کے 22 ارکان کو واپس ایران کے سپرد کیا جائے گا، پچھلے ہفتے عملے کے 6 افراد کو پہلے ہی واپسی کے لیے خطے کے ایک ملک کے سپرد کیا گیا تھا۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ توسکا کو امریکی ناکہ بندی توڑنے پر 19 اپریل کو امریکی فوج نے قبضے میں لیا تھا، جہاز کو اب مالک کی تحویل میں دیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ امریکا کے اعتماد سازی اقدام کے تحت ایرانی جہاز ’ایم وی توسکا‘ کے عملے کے 22 ارکان کو پاکستان منتقل کر دیا گیا۔منتقل کیے گئے افراد گزشتہ رات پاکستان پہنچے، آج انہیں ایرانی حکام کے حوالے کیا جائے گا، ایرانی جہاز کو ضروری مرمت کے بعد پاکستانی سمندری حدود کے ذریعے اصل مالکان کو واپس کیا جائے گا۔ عملے اور جہاز کی واپسی کا عمل ایران اور امریکا کے تعاون سے جاری ہے، پاکستان نے اس پیش رفت کو مثبت اعتماد سازی قرار دیا، پاکستان خطے میں امن کے لیے سفارت کاری اور مکالمے کی حمایت جاری رکھے گا۔