ہماری فوج ایران میں جو کچھ بچا ہے ختم کر دے گی، آبنائے ہرمز پر ناکہ بندی کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران پیسہ چاہتا ہے اور سب سے اہم ایران جوہری ہتھیار چاہتا ہے، ہم پوری طرح تیار اور مسلح ہیں، مناسب وقت پر ہماری فوج ایران میں جو کچھ بچا ہے ختم کر دے گی۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران امریکا ملاقات بہت اچھی رہی، بہت سے نکات پر اتفاق ہوا ہے، جو نکتہ زیادہ مسئلے والا ہے جوہری ایران کے ساتھ اسی پر اتفاق نہیں ہوا۔امریکا کی بہترین بحریہ آبنائے ہرمز سے آنے جانے والے تمام بحری جہازوں کو روکنے کا عمل فوری شروع کر دے گی، کسی وقت میں ہم ہرمز سے سب کو آنے جانے کی اجازت دینے کی بنیاد پر پہنچ جائیں گے، ایران نے ایسا نہیں ہونے دیا کہا وہاں بارودی سرنگ ہے، جس کے بارے میں ایران کے علاوہ کوئی نہیں جانتا۔یہ عالمی بھتہ خوری ہے اور دیگر ممالک خصوصاً امریکا کبھی بھتہ نہیں دے گا، جو کوئی غیر قانونی ٹول دے گا اسے محفوظ بحری راستا نہیں ملے گا، آبنائے ہرمز میں ایرانیوں کی بچھائی گئی سرنگوں کو بھی تباہ کرنا شروع کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم پر یا پُرامن جہازوں پر حملہ کرنے والے ایرانیوں کو جہنم رسید کر دیا جائے گا، ایران کو بہتر معلوم ہے کہ اس صورتحال کا کیسے خاتمہ کیا جا سکتا ہے جو ان کے ملک کو پہلے ہی تباہ کر چکی ہے۔ ایران کی بحریہ، فضائیہ ختم ہوچکی، طیارہ شکن اور ریڈار ناکارہ ہوگئے، خامنہ ای اور ایران کے زیادہ تر رہنما دنیا میں نہیں رہے، یہ سب ایران کی جوہری خواہش کی وجہ سے ہوا۔