شمالی کوریا کا امریکا تک مار کرنے والے ’ہائی تھرسٹ‘ راکٹ انجن کا کامیاب تجربہ
شمالی کوریا نے امریکی سرزمین کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کے لیے ایک جدید اور انتہائی طاقتور راکٹ انجن کا کامیاب زمینی تجربہ کیا ہے۔
شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا کے مطابق سربراہ مملکت کم جونگ اون نے خود اس تجربے کی نگرانی کی،دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ شمالی کوریا اپنے ہتھیاروں کے پروگرام کو مزید مہلک بنانے کے لیے ٹھوس ایندھن (سولڈ فیول) والے انجنوں پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا کے مطابق ٹھوس ایندھن والے انجنوں کی خاصیت یہ ہے کہ انہیں لانچنگ سے قبل بہت کم تیاری کی ضرورت ہوتی ہے، جس کی وجہ سے میزائل کو انتہائی تیزی اور اچانک فائر کیا جا سکتا ہے۔حالیہ تجربے میں انجن نے 2,500 کلو نیوٹن کی قوت (تھرسٹ) پیدا کی، جو گزشتہ سال ستمبر میں کیے گئے تجربے (1,971 کلو نیوٹن) سے کہیں زیادہ ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس قدر طاقتور انجن کا مطلب یہ ہے کہ شمالی کوریا اب ایسے میزائل بنانے کا ارادہ رکھتا ہے جو نہ صرف دنیا کے کسی بھی کونے کو نشانہ بنا سکیں بلکہ دشمن کے دفاعی نظام کو بھی ناکام بنا دیں۔ شمالی کوریا پہلے ہی امریکا تک مار کرنے والے انجن کی ٹیکنالوجی حاصل کر چکا ہے، تاہم اب اصل چیلنج ‘ملٹی وار ہیڈ’ میزائل کی تیاری ہے۔ ایک ایسا میزائل جو اپنے ساتھ کئی ایٹمی بم لے جا سکے اور فضا میں مختلف اہداف کو بیک وقت نشانہ بنا کر دفاعی نظام کو مفلوج کر دے۔
سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں کم جونگ اون کو تجربہ گاہ میں حکام کے ساتھ انجن کا معائنہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک اور تصویر میں انجن سے نکلنے والے نارنجی شعلوں کو دکھایا گیا ہے۔ کم جونگ اون کا کہنا ہے کہ اس کامیابی کے ساتھ شمالی کوریا کی دفاعی صلاحیتیں ایک نئے اور اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔
ایک الگ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کم جونگ اون نے اسپیشل فورسز کے تربیتی اڈے کا بھی دورہ کیا، جہاں فوجیوں نے روایتی ہتھیاروں اور جسمانی مہارت کا مظاہرہ کیا۔