ایران نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ بھی شروع کر دیا ہے، ایران اب تک 200 سے زیادہ میزائل داغ چکا ہے، اسرائیل میں اب تک 4 ہلاک اور 63 زخمی ہو گئے ہیں، متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں۔ایران نے اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ شروع کر دیا ہے جس کے بعد تل ابیب اور یروشلم میں دھماکے ہوئے ہیں، امریکی سفارتخانے کے ارکان پناہ گاہ میں چلے گئے ہیں، تل ابیب سائرن سے گونج اٹھا ہے، شہری بنکروں میں چلے گئے ہیں۔اس سے پہلے ایران کی جانب سے اسرائیل پر چوتھا میزائل حملہ کیا گیا، یروشلم، تل ابیب اور شیرون کے علاقوں میں دھماکے ہوئے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق گشن دان میں2 ایرانی میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں، ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حملے میں 63 افراد زخمی جبکہ 4 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔چوتھے حملے میں کم از ایک میزائل اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے عین وسط میں گرا جس میں اسرائیلی جوہری تحقیق مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔تل ابیب میں حملوں کے بعد متعدد عمارتوں کو آگ لگ لگی، دھویں کے بادل چھا گئے، مقبوضہ بیت المقدس میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں، اسرائیل بھر میں سائرن بج اٹھے، کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، میزائل حملوں کے بعد اسرائیلی شہری بنکرز میں چھپ گئے۔

ایرانی میڈیا نے بتایا کہ اسرائیل کی ڈیفنس منسٹری کے ہیڈ آفس کے باہر بھی دھماکا ہوا، اسرائیل میں150اہداف کو نشانہ بنایا، اسرائلی ڈیفنس فورس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے 2 اسرائیلی طیارے مار گرانے اور خاتون پائلٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، جوابی حملے کے بعد ایرانی شہری سڑکوں پر نکل آئے، ملک بھر میں جشن کا سماں رہا، یمن، غزہ اور لیبیا میں بھی شہریوں نے جشن منایا۔

اسرائیل کے بھی ایران پر حملے نہ تھمے، ایرانی دارالحکومت تہران ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، تہران میں 4 خوفناک دھماکے رپورٹ ہوئے، اسرائیل کی جانب سے تہران کے مہر آباد ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ پہلے ایرانی حملے میں 100، دوسرے میں 50 اور تیسرے حملے میں بھی تقریباً 50 میزائل شامل تھے، تجزیہ کاروں کے مطابق یہ حملے خطے میں وسیع جنگ کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین پر ہونے والی کانفرنس منسوخ

اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین پر ہونے والی کانفرنس منسوخ کر دی گئی۔فرانس اور سعودی عرب کی جانب سے فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے اقوام متحدہ میں کانفرنس منعقد ہونی تھی۔کانفرنس اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں 17 سے 20 جون کو طے تھی۔

اسرائیل کی ایران کی جانب سے 2 لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کی تردید
اسرائیلی اہلکار نے ایران کی عسکری اور جوہری تنصیبات پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد ایران کی جانب سے 2 اسرائیلی لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کی خبروں کو  جعلی  قرار دے کر مسترد کر دیا۔اسرائیلی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ایرانی فضاؤں میں ہمارے 2 جنگی طیارے مار گرائے جانے کی جو خبریں گردش کر رہی ہیں وہ جعلی ہیں۔واضح رہے کہ ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی افواج نے اسرائیل کے2 طیارے مار گرائے ہیں۔

 

اسرائیل پر جلد ہی خیبر میزائل داغے جائیں گے، دنیا حیران رہ جائے گی: پاسداران انقلاب
ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایرانی فوج اسرائیل میں ان اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے جہاں سے ایران پر جارحیت کی جارہی ہے۔پاسداران انقلاب نے کہا کہ آپریشن وعدہ صادق سوم میں اسرائیلی کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جن میں اسرائیلی فوج کے اڈے اور ہتھیار بنانے والی اسرائیلی تنصیبات بھی شامل ہیں۔پاسداران نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی بیانات کے برعکس ایرانی میزائل اپنے اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔ یہ بے گناہوں کا خون بہائے جانے کا بدلہ لیا جارہا ہے۔پاسداران انقلاب نے ساتھ ہی خبردار کیا گیا کہ ایران کی سکیورٹی سرخ لکیر ہے جس پر حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائےگا، اسرائیل پر خیبر میزائل جلد ہی داغے جائیں گے اور دنیا حیران رہ جائے گی۔

مشرق وسطیٰ کے ممالک نے ایران کا حملہ روکنے میں اسرائیل کی مدد کی: امریکی ٹی وی

امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک نے بھی ایران کا حملہ روکنے میں اسرائیل کی مدد کی ہے۔امریکا کے معروف صحافی ٹکر کارلسن نے دعوی کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر اسرائیل کے حملوں سے پیشگی آگاہ تھے پھر بھی انہوں نے کچھ نہیں کیا، یعنی وہ حملہ کرنے کے حق میں تھے۔

ایران میں حالات معمول پر آنے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں: شاہ سلمان 

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ سعودی عرب میں ایرانی زائرین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، وزارت حج و عمرہ ایرانی زائرین کو سہولیات فراہم کرے۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ ایران میں حالات معمول ہونے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں۔

ایران کا اسرائیل پر حملے تیز، دفاع کرنے والے ممالک کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان

ایران اسرائیل پر اپنے حملے تیز کرے گا اور جو بھی ملک اسرائیل کے دفاع کی کوشش کرے گا اُس کے فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ایرانی عہدیدار نے کہا کہ ایران کو بین الاقوامی قانون کے تحت اس جارحانہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن جواب دینے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی ملک ایران کی کارروائیوں کے خلاف اسرائیل کا دفاع کرے گا اُس ملک کے فوجی اڈے ایران کے اگلے اہداف ہوں گے۔

عالمی جوہری ادارے کی ایٹمی سائٹ کو نشانہ بنانے کی تصدیق

عالمی جوہری نگراں ادارے نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں اہم جوہری سائٹ کو نشانہ بنایا گیا، ایران کی جوہری افزودگی کے اہم مقام نطنز کو جمعہ کی صبح اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔نیوکلیئر واچ ڈاگ ایکس پر ایک پوسٹ میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے کہا کہ وہ ایران کی گہری تشویشناک صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

اسرائیل کے ساتھ امریکا بھی بھاری قیمت چکائے گا: ایرانی افواج

دوسری طرف ایران کی افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے امریکا کو بھی حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی، دشمن نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے، ایران بھرپورجواب دے گا، اب دشمن ایران کے جواب کا انتظار کرے۔ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے نمائندے ابراہیم رضائی نے اسرائیل کو ایران کے جوابی حملے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تل ابیب کی کارروائیوں کا بھرپورجواب دیا جائے گا۔بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ قوم پریشان نہ ہو، دشمن نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے، ایران بھرپورجواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے یہ حملے امریکا کی مدد سے کیے، اب دشمن ایران کےجواب کا انتظار کرے۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement