فیصل آباد: شوہر نے بیوی کو گولی مارکر خودکشی کرلی
فیصل آباد میں گھریلو تنازع پر شوہر نے بیوی کو گولی مارنے کے بعد خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق جمشید خان کی بیوی ثناء گھریلو ناراضی کے باعث اپنے میکے چلی گئی تھی، جمشید خان اسے منانے کے لیے وہاں گیا تاہم صلح نہ ہونے پر اس نے طیش میں آکر بیوی ثناء کو گولی مار دی اور موقع سے فرار ہوگیا۔گولی لگنے سے زخمی ہونے والی ثناء کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا،اسی دوران ملزم جمشید خان بچوں سے ملنے کے لیے ہسپتال بھی آیا۔
بعد ازاں جمشید خان اپنے گھر واپس پہنچا اور مبینہ طور پر بجلی کے پول پر چڑھ کر تاریں پکڑ لیں جس کے باعث اسے شدید کرنٹ لگا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔صدر پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی،ہسپتال میں متوفی کی بیوی ثناء کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔