اسلام آباد : بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان
ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے خوشخبری ہے، جس کے مطابق بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپے 75 پیسے کمی کا امکان ہے۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا سے قیمتوں میں کمی کی باقاعدہ درخواست دائر کی ہے، جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) آج سماعت کرے گی۔درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 53 ارب 39 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا۔ یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نہ صرف سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) بلکہ کے الیکٹرک پر بھی لاگو ہو گی۔
اگر نیپرا اتھارٹی ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے لیے ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دیتی ہے تو صارفین کو 2 روپے 10 پیسے فی یونٹ تک کا ریلیف مل سکتا ہے جب کہ اگست، ستمبر اور اکتوبر کے لیے فی یونٹ ایک روپے 75 پیسے کی کمی کی تجویز دی گئی ہے، جو صارفین کے ماہانہ بجلی بلوں میں نمایاں کمی کا باعث بنے گی۔درخواست پر حتمی فیصلہ نیپرا اتھارٹی کی جانب سے درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد جاری کیا جائے گا۔