گریٹر مانچسٹر: چاقو کے وار سے 19 سالہ نوجوان جاں بحق
گریٹر مانچسٹر کے علاقے بری میں ایک 19 سالہ پاکستانی نوجوان کے چاقو کے وار سے جاں بحق ہونے کے بعد پولیس نے قتل کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک ہدف بنا کر کیا گیا حملہ تھا، واقعہ رات 9 بجے سے کچھ پہلے مارکیٹ اسٹریٹ کے قریب پاور لیگ فٹبال کمپلیکس کی کار پارکنگ میں پیش آیا، جو کہ بری کالج کے قریب واقع ہے۔جائے وقوع پر پولیس اور فرانزک ماہرین موجود تھے اور تحقیقات کے سلسلے میں تصاویر لی جا رہی تھیں۔گریٹر مانچسٹر پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ متاثرہ نوجوان کو کئی مرتبہ چاقو مارا گیا، جس کے باعث وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے تاہم پولس کی ایک بڑی انسیڈنٹ ٹیم اس افسوسناک واقعے کی مکمل چھان بین کر رہی ہے۔یہ حملہ بظاہر کسی پرانی دشمنی یا ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے اور اس سے عوامی سطح پر کسی بڑے خطرے کا اندیشہ نہیں ہے۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کی میجر انسیڈنٹ ٹیم کے ڈٹیکٹیو چیف انسپکٹر جان چارلٹن نے کہا کہ سب سے پہلے ہماری ہمدردیاں متاثرہ نوجوان کے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں، ہمارے تربیت یافتہ افسران اس مشکل وقت میں ان کی معاونت کر رہے ہیں۔یہ واقعہ ناصرف مقامی برادری کے لیے صدمے کا باعث ہے بلکہ ہر اس شخص کے لیے پریشان کن ہے جو اس کا گواہ بنا۔ تاہم ابتدائی شواہد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ایک ٹارگٹڈ حملہ تھا ہم نے جائے وقوع پر کئی مقامات کو محفوظ بنا دیا ہے اور مجرموں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
تاحال متاثرہ نوجوان کا نام جاری نہیں کیا گیا ہے، پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے کے متعلق معلومات ہوں تو فوری طور پر حکام سے رابطہ کریں۔
Leave A Comment