اسلام آباد: شوہر اور سسر کے مبینہ تشدد اور آگ لگانے سے زخمی خاتون دم توڑ گئی
گزشتہ ماہ اسلام آباد میں شوہر اور سسر کی جانب سے مبینہ تشدد اور آگ لگانے کے واقعے میں زخمی ہونے والی خاتون سنیعہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی ہے۔جاں بحق خاتون کے وکیل منیر احمد نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ 8 جون کو اس وقت پیش آیا جب متفویہ سنیعہ اور اس کے شوہر کے آپس میں لڑائی ہوئی تھی، بعد ازاں لڑکی پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی گئی۔منیر احمد نے بتایا کہ ثنیہ آج انتقال کر گئی ہے، خاتون کا شوہر اور سسر اس کی موت کے ذمہ دار ہیں، انہوں نے دونوں ملزمان کیخلاف اینٹی ٹیرارزم ایکٹ (اے ٹی اے) کی دفعات لگانے اور انہیں سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک معاشرہ انصاف کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے تاکہ متاثرہ خاتون کو انصاف مل سکے۔