جرنیل کے قتل کے الزام میں 6 سالہ بچی گرفتار
میانمار کی سیکیورٹی فورسز نے ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کے قتل کے الزام میں چھ سالہ بچی کو اس کی والدہ اور دیگر 15 مشتبہ افراد کے ہمراہ گرفتار کر لیا ہے۔یہ گرفتاریاں ملک کے چار مختلف علاقوں سے کی گئیں، اور ان میں 13 مرد اور تین خواتین شامل ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں چھ سالہ لن لاٹ شوے بھی شامل ہے، جو مبینہ قاتل میو کو کو کی بیٹی ہے۔ میو کو کو کے کئی دوسرے نام بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ بچی اور اس کے والدین کو مرکزی شہر بگان سے گرفتار کیا گیا۔
یہ گرفتاریاں 68 سالہ ریٹائرڈ بریگیڈیئر جنرل چو ٹن آونگ کے قتل کے بعد کی گئی ہیں، جنہیں 22 مئی کو ینگون میں ان کے گھر کے باہر گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ ایک غیر معروف مسلح گروپ گولڈن ویلی واریئرز نے اس قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ گرفتار افراد میں ایک نجی ہسپتال کا مالک بھی شامل ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے حملے کے دوران زخمی ہونے والے قاتل کا علاج کیا۔ تاہم گولڈن ویلی واریئرز نے ان 16 افراد سے کسی بھی قسم کے تعلق سے انکار کیا ہے۔