پاکستانیوں نے امارات کا سب سے بڑا جھنڈا بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا
دبئی میں پاکستانی کمیونٹی نے ہاتھوں کے نشان سے دنیا کا سب سے بڑا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا جھنڈا بنا کرگنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بنایا گیا اماراتی جھنڈا 24 ہزار 514 انسانی ہاتھوں کے نشانات پر مشتمل ہے۔پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (پی اے ڈی) میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں 100 سے زائد قوموں کے افراد کو اکٹھا کیا گیا جن میں بھارتی، بنگلا دیشی، فلپینی، عرب اور دیگر شامل ہیں جو کہ متحدہ عرب امارات کے تنوع اور اتحاد کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔یہ تاریخی تقریب پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے آڈیٹوریم میں 22 مئی کو منعقد ہوئی جہاں امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور قونصل جنرل حسین محمد نے باضابطہ طور پر اس ریکارڈ کی تصدیق کی۔سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس کامیابی کو سراہتے ہوئے اماراتی جھنڈا بنانے کےلیے استعمال کیے گئے ہاتھ کے نشانات کو ’دل کے نشانات‘ قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستانی کمیونٹی اور امارات کے درمیان مضبوط رشتے کو اُجاگر کرتا ہے۔اس منصوبے کا آغاز پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، ایمریٹس لوز پاکستان نے کیا اور اس اقدام کا تصور فنکار رباب زہرا نے دیا، یہ ایک ماہ طویل مہم تھی، جس کا آغاز 13 اپریل کو پاکستان ہیلتھ ویک کے دوران کیا گیا تھا جو دبئی کے علاقے الکوز میں منعقد ہوا تھا۔
Leave A Comment