سیکیورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، سرغنہ سمیت 9 خوارج ہلاک
ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے سرغنہ سمیت 9 خوارج کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 اپریل کی درمیانی شب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑا میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 خوارجی دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والوں میں ایک انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ شیرین بھی شامل تھا جبکہ مارے گئے خوارجیوں سے ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ خوارجی رنگ لیڈرشیریں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے انتہائی مطلوب تھا، خوارجی رنگ لیڈر کئی بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ 20 مارچ 2025 کو کیپٹن حسنین اختر شہید کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔