محمد آصف نے بھارتی حریف کو ہرا کر ورلڈ ٹائٹل جیت لیا
پاکستان کےمحمد آصف نے کیرئیر کا چھٹا ورلڈ ٹائٹل جیت لیا۔بحرین میں ہونیوالی آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹرز اسنوکر محمد آصف کے نام رہی،محمد آصف نے فائنل میں بھارت کے برجش دامانی کو چار ۔ تین سے شکست دی۔ورلڈ ماسٹرز کے فائنل میں پاک بھارت مقابلہ انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا، آصف اور برجش دامانی کا ہر فریم میں آخر تک بھرپور مقابلہ رہا۔آصف کی دو فریمز کی برتری کے بعد برجیش دامانی نے مسلسل تین فریمز جیتے۔آصف نے تین ۔ دو کے خسارے سے کم بیک کرکے مقابلہ برابر کیا اور پھر فیصلہ کن فریم جیتا۔محمد آصف کی جیت کا اسکور 98-37، 75-55، 00-80، 49-52، 41-64، 91-29 اور 78-9 رہا۔محمد آصف نے اس سے قبل دو ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ اور تین انفرادی چیمپئن شپ جیتی ہیں۔ ویلڈن محمد آصف، قوم کو آپ پر ناز ہے، محسن نقوی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ورلڈ ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر محمد آصف کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔فائنل میں محمد آصف نے بھارتی حریف کو شکست دے کر پاکستان کے قومی پرچم کی شان میں اضافہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد آصف نے زبردست مہارت اور صلاحیتوں کا لوہا منوا کر چیمپئن شپ جیتی، محمد آصف نے قوم کا مان اور وقار بڑھایا۔کھیل ہو یا کوئی اور میدان پاکستان ہر محاذ پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہا ہے۔انشاء اللّٰہ پاکستان اور ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کی کامرانیوں کا سلسلہ اب اسی طرح چلتا رہے گا۔
Leave A Comment