وزارت توانائی کے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں بلاتعطل بجلی فراہمی کے احکامات
وفاقی وزارت توانائی نے ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران بلا تعطل بجلی فراہمی کے احکامات جاری کئے ہیں،ڈسکوز میں خراب آلات کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے محرم الحرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے ڈسکوز کے چیئرمین، سی ای اوز کو ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے شرکا کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچانے کے لئے تمام ڈسکوز میں خراب آلات کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر نے پیشگی مرمت کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ قریب آرہا ہے،محرم میں ملک بھر میں لاکھوں عزاداران مجالس اور جلوسوں میں شرکت کریں گے۔رواں سال محرم میں گرمی کی لہروں کے امکانات ہیں۔وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے،مذہبی تقریبات کے دوران عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچایا جائے،تمام ڈسکوز میں خراب آلات کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے۔