کراچی : جائیداد کے تنازع پر 2 نوجوان قتل
سعید آباد کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 2 نوجوانوں کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق 25 سالہ حبیب الرحمان اور 28 سالہ عبدالوہاب پر نیول کالونی کے قریب ایک ریسٹورنٹ میں مسلح افراد نے حملہ کیا، انہیں گولیاں لگنے سے شدید زخم آئے اور انہیں ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
http://www.rehbernews.com/news_single_category.php?id=53026
ڈی آئی جی ساؤتھ نےبتایا کہ اصل ہدف شہری حبیب تھا جس کا کسی کے ساتھ جائیداد کا تنازع چل رہا تھا۔چند روز قبل دونوں فریقین کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا اور اس سلسلے میں ایک جرگہ بھی ہوا تھا، انہوں نے بتایا کہ علاقے سے حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ مسلح شخص پیدل ریسٹورنٹ میں داخل ہوا، اندر موجود افراد پر فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔سعید آباد پولیس نے 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، مدعی محمد اشرف نے بتایا کہ ان کا ڈی ایچ اے بدر کمرشل میں ایک ریسٹورنٹ ہے جبکہ ان کے کزن حبیب الرحمٰن کا سعید آباد میں ایک ریسٹورنٹ ہے اور دوسرا مقتول، وہاب ریسٹورنٹ میں ملازم تھا۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ مقتول حبیب حال ہی میں کوئٹہ سے واپس آیا تھا، وہ ریسٹورنٹ میں موجود تھا جب صبح ساڑھے 4 بجے کے قریب دو مسلح افراد نے آکر فائرنگ کر دی، مدعی نے کہا کہ دہرے قتل کی یہ واردات نامعلوم وجوہات کی بنا پر کی گئی ہے۔