دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح بلند، مزید بستیاں اور فصلیں زیر آب
دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا اور دریا کنارے کچے کے علاقے میں مزید دو بستیاں اور فصلیں زیر آب آگئیں۔ سیلاب متاثرین کی کشتیوں کے ذریعے نقل مکانی جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سےعلاقے میں 15 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے لیکن سیلاب متاثرین منتقل نہ ہوئے تھے۔انتظامیہ کے مطابق کچے کے مکین اپنا گھر اور سامان چھوڑنے پر آمادہ نہیں ہیں۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں شاہراہ بابوسر پر لاپتا سیاحوں کی تلاش تیرہویں روز بھی جاری ہے، نجی ٹی وی کی خاتون اینکر اور ان کا خاندان اب تک لاپتا ہیں۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق وزیراعظم پاکستان جلد گلگت بلتستان کادورہ کریں گے۔یاد رہے کہ ملک میں بارشوں اور سیلاب سے 24 گھنٹوں میں 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔