سابق بھارتی وزیراعظم کا پوتا گھریلو ملازمہ سے زیادتی کے مقدمے میں مجرم قرار
بنگلورو کی خصوصی عدالت نے سابق رکن پارلیمنٹ اور جنتا دل کے رہنما پراجول ریوانا کو گھریلو ملازمہ کے ساتھ جنسی زیادتی کا مجرم قرار دے دیا ہے۔ عدالت کی جانب سے سزا کے تعین کے لیے فیصلہ آج سنانے جانے کا امکان ہے۔پراجول ریوانا سابق بھارتی وزیراعظم دیوے گوڑا کے پوتے ہیں، ان پر ان کے خاندانی فارم ہاؤس میں کام کرنے والی گھریلو ملازمہ نے 2021 سے مسلسل زیادتی اور خاموش رہنے کے لیے ویڈیوز کے ذریعے دھمکانے کا الزام لگایا تھا۔مقدمے کی سماعت رواں ماہ 18 جولائی کو مکمل ہوئی تھی، جس کے بعد 30 جولائی کو فیصلے کو بعض وضاحتوں کی بنیاد پر مؤخر کردیا گیا۔ مقدمے کے دوران عدالت نے ریوانا اور تمام 26 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے۔راجول ریوانا کو 31 مئی 2024 کو گرفتار کیا گیا تھا، اور ان پر ریپ، ویوئرزم، مجرمانہ دھمکیاں دینے اور قابل اعتراض ویڈیوز کے غیرقانونی پھیلاؤ سے متعلق مختلف دفعات کے تحت الزامات عائد کیے گئے تھے۔پراجول ریوانا پر 2024 میں مزید 3 فوجداری مقدمات بھی درج کیے گئے تھے، جب سوشل میڈیا پر 2 ہزار سے زائد فحش ویڈیوز سامنے آئیں، جن میں مبینہ طور پر کئی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی ریکارڈنگ موجود تھی۔
ایک مقدمے میں ان پر حسن ضلع پنچایت کی سابق رکن، جن کی عمر 44 سال ہے، کے ساتھ بارہا زیادتی کا الزام ہے۔ ایک اور مقدمے میں میسور کی ایک بزرگ خاتون، جو گھریلو ملازمہ تھیں، کے ساتھ زیادتی کا الزام شامل ہے۔تیسرا مقدمہ 12 جون کو بنگلورو میں درج کیا گیا جس میں ان پر ایک خاتون کو ویڈیو کال کے ذریعے جنسی طور پر ہراساں کرنے، پیچھا کرنے، مجرمانہ دھمکیاں دینے اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت پرائیویسی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پراجول ریوانا 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں کرناٹک کی حسن نشست پر اپنی کامیابی برقرار رکھنے میں ناکام رہے تھے، اور ان پر مقدمات درج ہونے کے بعد جے ڈی ایس پارٹی کی جانب سے ان کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی تھی۔
Leave A Comment