مشرقی انڈونیشیا کے ساحلی علاقے میں پیر کی شب شدید زلزلہ محسوس کیا گیا۔ یو ایس جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی تاہم سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 49 منٹ پر آیا، جس کا مرکز مشرقی مالوکو صوبے کے شہر ٹوال سے 177 کلومیٹر مغرب میں اور زمین کی 66 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔بحرالکاہل سونامی وارننگ سینٹر اور انڈونیشیا کی جیو فزکس ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ اس زلزلے میں سونامی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود نہیں تھی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یاد رہے کہ انڈونیشیا بحرالکاہل کے زلزلہ خیز علاقے "رِنگ آف فائر" پر واقع ہے، جہاں زلزلے اور آتش فشاں سرگرمیاں عام ہیں۔ 2004 کے تباہ کن زلزلے اور سونامی میں صرف انڈونیشیا میں 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

 

Leave A Comment

Advertisement